سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی زیر صدارت اقتصادی تعاون کی تنظیم کی کونسل آف منسٹرز کا 22واں اجلاس

120

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی زیر صدارت اقتصادی تعاون کی تنظیم کی کونسل آف منسٹرز کا 22واں اجلاس ،افغانستان، آزربائیجان، ایران، قزاقستان، کرغستان، پاکستان، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور ازبکستان کے حکام کی شرکت،ای سی او کے ورک پلان ، مختلف رپورٹس ،تجاویز، وزراءکی سطح پر ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد ۔ 27 فروری (اے پی پی) اقتصادی تعاون کی تنظیم (ای سی او) کی کونسل آف منسٹرز کے 22ویں اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس پیر کو اختتام پذیر ہوگیا۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اجلاس کی صدارت کی جس میں افغانستان، آزربائیجان، ایران، قزاقستان، کرغستان، پاکستان، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور ازبکستان کے حکام نے شرکت کی۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حلیل ابراہیم کے علاوہ تنظیم کے خصوصی اداروں اور ریجنل انسٹی ٹیوشنز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران اعلیٰ حکام نے ای سی او کے ورک پلان ، مختلف رپورٹس اور تجاویز، وزراءکی سطح پر ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔اس اجلاس میں کونسل آف منسٹرز (سی او ایم)کے 22ویں اجلاس اور 13ویں سربراہ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی غور وخوض کیا گیا۔ سی او ایم کا اجلاس آج (منگل) کو ہوگا۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل نے آزربائیجان میں ہونے والی 12ویں سربراہ کانفرنس کی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹ بھی موجودہ اجلاس میں پیش کی۔