شراب نوشی کے باعث عالمی سطح پر ہر 20 واں فرد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے، عالمی ادارہ برائے صحت

93

اسلام آباد ۔ 07 مارچ (اے پی پی)شراب نوشی کے باعث عالمی سطح پر ہر 20 واں فرد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 30 لاکھ سے زیادہ افراد شراب نوشی کی وجہ سے ہلاک ہوتے ہیں جن کی تعداد ایڈز، تشدد اور ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد سے زیادہ ہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو شراب کے نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں یا نشے کی حالت میں تشدد پر اتر آتے ہیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے لئے خطرہ بن جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ایسے افراد کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جو شراب نوشی کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شراب یا الکحل کا استعمال 200 سے زیادہ بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے جن میں جگر اور کینسر کی کئی اقسام کی بیماریاں بھی شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شراب نوشی کے باعث ہلاک ہونے والوں میں 75 فیصد مرد جبکہ 25 فیصد عورتیں شامل ہیں۔