شمالی کوریا کے مشرقی سمندر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائل کے تجربات

106
North Korean leader Kim Jong Un
North Korean leader Kim Jong Un

سیئول۔14جنوری (اے پی پی):شمالی کوریا نے مشرقی سمندر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائل کے تجربات کئے ۔ فرانسییس خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے جاپان کے سمندر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی فوج نے منگل کو مشرقی سمندر میں داغے گئے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی کی۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ یہ لانچ منگل کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شمالی کوریا کے صوبہ چاگنگ کے دارالحکومت کانگے کے قریب ہوا، میزائلوں نے سمندر میں گرنے سے پہلے 250 کلومیٹر (155 میل) تک پرواز کی ۔
فوج نے کہا کہ جنوبی کوریا اور امریکا کے انٹیلی جنس حکام نے شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ کی تیاریوں کا پہلے سے پتہ لگایا اور ان کی مانیٹرنگ کی اور لانچ کے وقت فوری طور پر ان کا سراغ لگایا ۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ وہ مکمل تیاری کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور امریکا اور جاپان کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کر رہا ہے جبکہ مزید لانچز کے لئے مانیٹرنگ اور چوکسی کو مضبوط بنا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے میزائل تجربات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا اپنی مضبوط سکیورٹی پوزیشن اور امریکاکے ساتھ اتحاد کی بنیاد پر شمالی کوریا کی اشتعال انگیزیوں کا مزید سخت جواب دے گا۔