اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی پر فوری اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔اتوار کو پی ایم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیشگی حفاظتی انتظامات اور امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے زرعی علاقوں میں فصلوں، مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیاجائے، محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے،نکاسی آب ، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور سپرے کے انتظامات کئے جائیں۔