ایبٹ آباد۔ 21 جون (اے پی پی):شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شاندار انداز میں شروع ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق یہ کمپیٹیشن انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید کے احکامات، ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر سرپرستی اور ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل کی نگرانی میں شروع ہو ا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایبٹ آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل وسیم شہزاد کے بچے اور اہلخانہ تھے جنہیں تقریب میں بھرپور عزت و احترام اور گرمجوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
ان کی موجودگی نے تقریب کو جذباتی اور یادگار لمحوں سے بھر دیا۔ تقریب میں نوجوانوں کے جوش و جذبے، ٹیموں کے ولولے اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ایس ایس پی اشتیاق خان کی موجودگی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہری پور پولیس اور بٹگرام پولیس کے درمیان کھیلا گیا جس میں ہری پور پولیس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 82 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرگنائزر ٹورنامنٹ ایس ایس پی اشتیاق خان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات اور ذاتی دلچسپی کے پیش نظر یہ ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا مقصد شہدائے ہزارہ پولیس کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے، ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک مثبت اور منفرد کاوش ہے جس سے نہ صرف پولیس فورس کے درمیان صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ شہداء کی یادوں کو نئی نسل کے دلوں میں زندہ رکھنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل صرف تفریح نہیں، ایک عہد ہے اُن شہداء کے ساتھ جنہوں نے امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔