شہید ذوالقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی کا تربیتی پروگرام اختتام پذیر

72
HEC
HEC

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نیشنل اکیڈمی برائے اعلی تعلیم (ناہی) کے آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت شہید ذوالقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی کا تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہو گیا۔ پیر کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پروگرام کی اختتامی تقریب میں یونیور سٹی کی میڈیکل اور ڈینٹسٹ شعبوں کی فیکلٹی نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر شہید ذوالقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر موسی خان نے کہا کہ آؤٹ ریچ پروگرام فیکلٹی کی جدید پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی طرف اہم قدم ہے، ہمیں تعلیم کے میدان میں ہونے والی تحقیق سے باخبر رہتے ہوئے جدید طریقہ کار اپنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ابتدائی کیریئر فیکلٹی کو جدید تدریسی تکنیکوں سے آراستہ کرنا،باہمی تعاون اور طلبا کو پڑھانے کے لئے جدید طریقہ کار کو اپنانا ہے۔ناہی ایچ ای سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام مرتضی اور شہید ذوالقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیدہ کرن ریاض نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔