اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا سے متعلق قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ، این سی او سی نے کورونا کے خلاف زبردست کام کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ این سی او سی کے کام کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔
شیخ رشید نے قوم سے کورونا ویکسین لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ30 ستمبر 2021ء تک کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز بھی لگوا لیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد مختلف قسم کی پابندیاں لگنے جا رہی ہیں،
جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہو گی وہ 30 ستمبر2021ء کے بعد بہت سی سہولیات سے محروم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے لئے اور اپنے ملک کیلئے ویکسین لازمی لگوائیں۔ وزیر داخلہ نے قوم سے اپیل کی کہ30 ستمبر سے پہلے پہلے ویکسین کی دونوں ڈوز مکمل کر کے اپنے خاندان اور اولاد کو بچائیں اور ملک کی خدمت کریں۔