شیخوپورہ ۔ 26 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر علاقے میں شاپس ، یوٹیلیٹی سٹورز ، گوشت کی دکانوں، پٹرول پمپس ، سبزی و پھل منڈیوں ، ہوٹلز اور تندوروں پر اشیاء خورونوش اور نان و روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں ،
روٹی اور نان کی سرکاری قیمت کی خلاف ورزی پر ضلع بھر میں ابتک 32 ہزار 683 دکانوں اور تندوروں کی انسپکشن کی گئی جس کے دوران 2 ہزار 793 دوکانداروں کو 57 لاکھ 65 ہزار 700 روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے جبکہ نان و روٹی کی زائد قیت وصول کرنے والے 39 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی اور 30 کو حراست میں لیا گیا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراں فروشوں ، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف ضلع شیخوپورہ میں جاری کریک ڈاؤن کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےکیا ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے بتایا کہ رواں ماہ اگست میں ابتک 36 ہزار د کانوں کی انسپکشن کے دوران مجموعی طور پر 36 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 25 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائےگئے ۔