لاہور۔3اگست (اے پی پی):وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔
چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں، میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام کو اس بارے پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے جبکہ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں، ایس ایز اور ایکسیئن ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
گزشتہ روز منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل2018شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 1981شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ بھی کر رہے ہیں۔