اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صحت ، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،حکومت کا صحت کارڈ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں عوام کو صحت کی مکمل سہولیات کی مفت فراہمی کے حوالے سے منفرد اقدام ہے۔
منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کی پیش رفت بارے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم اور اس کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایاگیا کہ لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔کسان کارڈ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ کارڈ کی تقسیم کا عمل جنوبی پنجاب سے شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں. کسان کارڈ سے براہِ راست سبسڈی سے نہ صرف کسانوں کو معاونت کی فراہمی بلکہ شفافیت کا عنصر بھی یقینی بنایا گیا ہے. علاوہ ازیں کسان کارڈ میں سبسڈی کیلئے مزید پراڈکٹس کو شامل کرنے کی حکمتِ عملی حتمی مراحل میں ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم اور ان سے ملحقہ انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں معاونینِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی، اس کے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراِ ئے اعلی اور چیف سیکٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی،صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔