صدر طیب اردگان کے دورہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

77

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر طیب اردگان کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔جمعہ کو سینٹ سیکٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایک بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بیان میں کہا کہ صدر طیب اردگان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین معاشی ، تجارتی اورسفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں ہر دستخط کیے گئے ہیں۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں اس دورے کے دوران مزید مستحکم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت اصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کو حالیہ سفارتی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت اور بہترین سفارتکاری کے باعث پاکستان عالمی سطح پر اپنے مقام کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ قیادت کی بصیرت اور متحرک خارجہ پالیسی سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ ترکیہ کے صدر طیب اردگان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو مزید تقویت دے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔