اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمہوریہ ترکیہ کے جمہوریت اور قومی یکجہتی کے دن کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے جمہوریہ ترکیہ کے جمہوریت اور قومی یکجہتی کے دن کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان ، ترکیہ حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج 2016 کی بغاوت کی کوشش کے خلاف جانیں قربان کرنے والوں، ان کی بہادری اور قومی یکجہتی کے احترام کا دن ہے، آج کے دن عوامی جمہوریہ ترکیہ اور اس کے عوام نے قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کیلئے اپنا عزم ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترکیہ کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور ان کی امن، خوشحالی اور ہمیشہ اعلیٰ مرتبت کیلئے دعاگو ہیں۔