صدر مملکت ممنون حسین کا سپارکو کے زیر اہتمام دوسری عالمی خلائی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

170
APP39-20 ISLAMABAD: September 20 - President Mamnoon Hussain addressing the opening session of 2nd International Conference on Space-2016 at COMSTECH Secretariat. APP

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ علم کسی کی میراث نہیں، ہمیں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیم کے شعبے میں خود انحصاری پیدا کرنی ہو گی اور اپنے معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر نا ہوگا۔ پاکستانی سائنس دان عالمی سائنسی اداروں کے ساتھ مل کرعلم کے شعبے میں ایسی منصوبہ بندی کریں جو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مفید ہو اور طلبا اس سے مستفید ہو کر انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے سکیں۔ صدر مملکت نے یہ بات منگل کو سپارکواور سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی دوسری عالمی خلائی کانفرنس (آئی سی ایس-2016 ) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل، چیئرمین سپارکوقیصر انیس خرم اور ملک و بیرون ملک سے آنے والے سائنس دانوں اور خواتین وحضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت نے خلائی سازو ساما ن کے متعلق منعقد کی جانے والی نمائش کا افتتاح بھی کیا اور اس میں رکھے گئے سامان میں گہری دلچسپی لی۔ صدر مملکت نے کہا کہ علمی تحقیق و ترقی کسی کی میراث نہیں لیکن بعض مواقع پر کچھ خاص خطوں یا اقوام کو نشانہ بنا کر ان کے لیے علمی تحقیق و ترقی کے ثمرات کومحدود کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔