
راولپنڈی ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت کھلے دل سے تسلیم کر لیا جائے تو خطے کی فضا سازگار ہو جائے گی اور وہ وسائل جو اس وقت اختلافات کو ہوا دینے کے لئے کام میں لائے جا رہے ہیں، انسانی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کئے جا سکیں گے۔ خطے میں پائیدار امن کے لئے کشمیر کے مسئلہ کا حل انتہائی ضروری ہے اور یہ مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں امن ایک خواب ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ”عالمی کانفرنس برائے امن وسلامتی جنوبی اور وسطی ایشیا“ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی کانفرنس کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں چیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور وائس چانسلرفاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے بھی خطاب کیا۔