اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی نہایت ضروری اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کا جزو لاینفک ہے، بین الاقوامی برادری اس مقصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرانڈی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے پاکستان میں یو این ایچ سی آر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے ساتھ ملک سے تمام افغان مہاجرین کی جلد واپسی کے ان کے ترجیحی مقصد کے بارے میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر مہاجرین کے کاز کے حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔