صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈنمارک کی سفیر کی ملاقات، افغانستان سے اپنے شہریوں کے انخلا میں معاونت پر اظہار تشکر

78

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):ڈنمارک کی حکومت نے افغانستان سے اپنے شہریوں کے بحفاظت انخلا میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لیس روزن ہولم نے جمعرات کو ملاقات کی اور ڈنمارک کے شہریوں کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر ڈنمارک کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی شہریوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ارکان کو فضائی اور زمینی راستوں سے نکالا۔ اس موقع پر پاکستان کے صحت کے نظام میں طبی اخلاقیات کے فروغ کے حوالے سے صدر مملکت کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔

ڈنمارک کی سفیر نے اجلاس کو طبی اخلاقی طریقوں اور ڈنمارک کے اعلیٰ معیار کے صحت کے نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں صحت کے شعبہ کے پروفیشنلز میں صحت کی خدمات کی فراہمی کے اخلاقی اور بہترین طریقوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ طب کے پیشہ سے وابستہ افراد کو اینٹی بائیوٹکس کو غیر ضروری طور پر تجویز کرنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طبی نگہداشت کے کارکنوں ، دواساز اور دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طبی اخلاقیات کو فروغ دیں اور مریضوں کو اینٹی بائیوٹکس کے ضرورت سے زیادہ نسخے کی حوصلہ شکنی کریں۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر نوشین حامد ، قائم مقام وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد ڈاکٹر شہزاد علی خان ، ڈائریکٹر فارمیسی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان عبدالرشید اور رجسٹرار ہیلتھ سروسز اکیڈمی ندیم سجاد نے شرکت کی۔