صدرمملکت ممنون حسین کی فیڈرل ٹیکس محتسب عبدالرﺅف چوہدری سے گفتگو

125
APP27-04 ISLAMABAD: May 04 - Federal Tax Ombudsman Abdur Rauf Chaudhry presenting Annual Report-2016 to President Mamnoon Hussain at the Aiwan-e-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چھوٹے کاروباری طبقہ کو فائدہ پہنچانے اور زائد ٹیکس کی واپسی کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، ٹیکس قوانین کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں کسی کو بھی چھوٹ نہ دی جائے۔ انہوں نے یہ بات فیڈرل ٹیکس محتسب عبدالرﺅف چوہدری سے گفتگوکرتے ہو ئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیڈرل ٹیکس محتسب نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی 2016ءکی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ فیڈرل ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کا ادارہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری اور جلد ازالہ کےلئے اقدامات کر رہا ہے، اس سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہو گا بلکہ ملکی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا جو ریاست کے استحکام کےلئے ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے سالانہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں کئے جانے والے اقدامات سے اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کارکردگی میں بہتری کےلئے مزید موثر اقدامات کرے اور اس سلسلہ میں دیگر ممالک کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائے۔