ضلع سیالکوٹ میں رواں سیزن 4لاکھ78ہزار ایکٹر پر گندم کاشت کی گئی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

154
Department of Agriculture

سیالکوٹ۔ 15 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت( توسیع )سیالکوٹ مرزا قدیر بیگ نےکہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں رواں سیزن کے دوران 4لاکھ78ہزار ایکٹر رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے،

کسانوں کو ضرورت کے مطابق یوریا اور دیگر کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کےلئے سپروائزری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں کھاد ڈیلرز کی چیکنگ کررہی ہیں ، منگوائی گئی کھاد اور فروخت کی مانیٹرنگ یقینی بنایا جارہا ہے۔

"اے پی پی”سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےبتایا کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر اوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر بلا تفریق ایکشن لیا جائے گا اور فوری مقدمات درج کروائے جائیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مرزا قدیر بیگ نے بتایا کہ ضلع بھر میں چیکنگ کا عمل جاری ہے ، اوور چارجنگ پر ابتک کھاد ڈیلرز پر تین لاکھ 22ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے جبکہ تین ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔