اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):ماہرین صحت نے کہا ہے کہ مضر صحت خوراک ،کولیسٹرول کا بڑھنا ،ہائی بلڈ پریشر ، تمباکو نوشی ، غیر متحرک طرز زندگی ،ذیابیطس اور موٹاپا دل کے امراض کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، روزانہ 30 منٹ کی ورزش ،چہل قدمی ،ذہنی دبائو سے بچائو، ترک تمباکو نوشی ، کھانوں میں پھل اور سبزیوں کا مناسب استعمال دل کی بیماریوں سے بچائو میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مجتبیٰ احمد کیانی،ڈاکٹر محبوب الرحمان، ڈاکٹر شعیب اور ڈاکٹر مدیحہ بٹ نے عارضہ قلب کے عالمی دن کے حوالے سے سرل کمپنی کے زیراہتمام جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عارضہ قلب انسانی اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے، 29 ستمبر دنیا بھر میں امراض قلب کی آگاہی کے حوالے سے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد دل کے امراض سے متعلق آگاہی ، روک تھام، بروقت تشخیص اور مساوی علاج کی سہولیات کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ طرز زندگی میں مثبت تبدیلیاں دل کی بیماری سے بچائو میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔سرل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندہ نے کہا کہ سرل کمپنی عوام کی صحت اور مفاد عامہ کے لیے ان پروگراموں میں پیش پیش ہے اور انسانی امراض کے علاج کیلئے بہترین معیاری ادویات پاکستانی عوام کو فراہم کر رہی ہے۔