عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کرے، فلسطینی وزارت خارجہ

7

رام اللہ ۔27جون (اے پی پی):فلسطینی وزارتِ خارجہ اور امورِ تارکین کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی جارجیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے اقدامات کے طریقہ کار کو تیز کیا جائے۔سبق نیوز کے مطابق فلسطینی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ پٹی میں امداد کی ترسیل میں اسرائیل کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹ کی وجہ سے صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔

فلسطینی بھوک کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے بھی شدید دشواری کا سامنا ہے جسے اسرائیل جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے جس کی وجہ سے آبادی کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کو روکنا اور فلسطینیوں کو بھوک میں مبتلا کرنے کا مقصد انہیں جبری نقل مکانی پر مجبور کرنا ہے ۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے روزانہ گھروں کی تباہی اور خون ریزی کے سبب 20 لاکھ سے زائد فلسطینی محفوظ پناہ گاہوں سے محروم ہو چکے ہیں۔