عراق کی حکومت کا 27 سال بعد پہلی مردم شماری نومبر میں کرانے کا اعلان

175

بغداد۔2ستمبر (اے پی پی):عراق کی حکومت نے اقوام متحدہ کے ادارے یونائٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کی شراکت داری سے 27 سال بعد پہلی مردم شماری نومبر میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ مردم شماری کے عمل کو محفوظ رکھنے کے لیے 20 اور 21 نومبر کو ملک میں کرفیو نافذ رہے گا۔ یہ اعلان وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی کے بیان میں کیا گیا ہے۔ عراقی حکومت کا اندازہ ہے کہ عراق کی موجودہ آبادی چار کروڑ تیس لاکھ ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں ہر دس سال بعد مردم شماری کرانا طے ہے۔ عراق میں آخری مردم شماری 1997 میں ہوئی لیکن وہ مردم شماری 15 صوبوں تک ممکن ہو سکی تھی البتہ ملک کے تین شمالی صوبوں میں اس وقت بھی مردم شماری موخر رہی،تاہم اب چند سال سے عراق میں امن و امان کی فضا بہتر ہو رہی ہے۔