عراقی عوام اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھرپورحصہ لیں ، اقوام متحدہ

112

بغداد ۔6اکتوبر (اے پی پی):عراق کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے جینین ہینس پلاسچرٹ نے عراقی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 10 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھرپورحصہ لیں۔

چینی خبر رساں ادارے نے جینین ہینس پلاسچرٹ کے حوالے سے بتایا کہ تمام شہریوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انتخابی عمل درست ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ بغداد میں حکومت جلد اور مؤثر طریقے سے تشکیل پائے گی ۔

جینین ہینس پلاسچرٹ جو کہ عراق میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن(یواین اے ایم آئی) کے سربراہ بھی ہیں ،نے کہا کہ عالمی ادارہ انتخابات کی سالمیت کی ضمانت کے لیے ایک مؤثر شراکت دار ہوگا جو 2018 میں ہونے والے ​​انتخابات سے مختلف ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 900 بین الاقوامی مبصرین ہوں گے اور اقوام متحدہ کے مبصرین پانچ صوبوں بغداد ، اربیل ، کرکوک ، نینوا اور بصرہ میں موجود ہوں گے۔ عراقی وزیر اعظم مصطفی ٰالکاظمی نے تصدیق کی کہ حکومت انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کر رہی ہے۔

عراق کے آزاد ہائی الیکٹورل کمیشن کے مطابق 10 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں تقریبا 24 ملین عراقی ملک بھر کے 8،273 پولنگ مراکز میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جن میں 83 انتخابی اضلاع میں تقری 3،249 امیدوار پارلیمنٹ کی 329 نشستوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔