اسلام آباد ۔ 07 نومبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ قبول ہو گا۔ سماءنیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے عمران خان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں،ان سے گزارش ہے کہ جو بھی ثبوت ہیں انہیں عدالت میں پیش کر کے بات کی جائے،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے جواب داخل کرادیا گیا ہے، عمران خان ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور ان کے بچوں کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، خان صاحب اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے قوم سے کیے وعدے پورے کریں، یہ صرف جھوٹے دعوے کر کے اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دیتے اور دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہماری جانب سے ہر بات کرسٹل کلئیر ہے ، وزیر اعظم نے عدالت عظمٰی کے سامنے خود اور اپنے بچوں کو احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے، عمران خان ایک مرتبہ پھر مایوس ہوں گے۔