عوام نے انتشاری سیاست مسترد کرکے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے،انجینئر امیر مقام

101
Engineer Amir Muqam

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عوام نے انتشاری سیاست مسترد کرکے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے، ملکی معیشت کی بحالی پر پی ٹی آئی کے نام نہاد رہنما صدمے میں ہیں،جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ علی امین گنڈا پوربوکھلاہٹ کا شکار ہے،وزیراعلیٰ وقت اور وسائل ضائع کرنے کی بجائے صوبے کے امن و امان پر توجہ دیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی پر پی ٹی آئی کے نام نہاد رہنما صدمے میں ہیں،عوام نے انتشاری سیاست مسترد کرکے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے، عوام اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے،سیاسی افراتفری میں وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں،وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں۔