عوام نےپی ٹی آئی کا جلسہ مسترد کر دیا،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں انتہا پسند گروپ ہے،انجینئر امیر مقام

157
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عوام نےپی ٹی آئی کا جلسہ مسترد کر دیا،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ انتہا پسند گروپ ہے۔پیر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ناکام جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کا جلسہ مسترد کر دیا،ناکام عوامی اجتماع کے باعث پی ٹی آئی رہنما مایوس دکھائی دیئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے بیٹے برطانیہ میں مقیم ہیں جبکہ دوسروں کے بچوں کو فسادات پر اکسا رہے ہیں،لوگ جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے مرکز میں ساڑھے 3 سال اور صوبہ کے پی میں 11 سال ضائع کئے۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ پی ٹی آئی کے جلسے کے شرکا ءنے پولیس پر پتھراؤ کیا،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ انتہا پسند گروپ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی خوشحالی سے نالاں ہے جس کی وجہ سے 9 مئی کو دہرانا چاہتی ہے،9 مئی کے ہنگامے نے پی ٹی آئی کے منفی ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا تھا،9 مئی کو سول، سرکاری عمارتوں اور دفاعی تنصیبات پر حملوں نے حملہ آوروں کی وحشیانہ ذہنیت کو بے نقاب کر دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے اور ایسے اقدامات کے ذمہ داروں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وقت ضائع کرنے کی بجائے صوبے پر توجہ دیں، کے پی حکومت کے اپنے وزراء نے کرپشن اور ناقص گورننس کے خلاف بولنا شروع کر دیا۔