اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):ملک بھر کے علمائے کرام و مشائخ عظام نے کورونا وائرس کی وبا سے تحفظ کی ویکسیئن کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر اتفاق کیا ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ مشاورتی نشست میں ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ملک بھر کے جید علماءکرام و مشائخ عظام کی کورونا ویکسین کے حوالے سے اہم ترین نشست کا اہتمام بدھ کو کیا گیا۔ مشاورتی سیشن میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے شرکت کی جبکہ گورنر بلوچستان، گورنر گلگت بلتستان کے علاوہ چاروں صوبوں کے علمائے کرام، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علماء نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک مشاورتی سیشن میں شرکت کی۔
ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشاورتی اجلاس میں حسب ذیل نکات پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کی جان اور صحت کی حفاظت مقاصد دین و شریعت میں سے ایک مقصد ہے۔ اسی طرح کہا گیا ہے کہ کورونا ایک وبائی مرض ہے جس کی روک تھام اور علاج معالجہ کا اہتمام کرنا صرف شریعت کا تقاضا ہی نہیں بلکہ حکم بھی ہے۔کورونا کی وبا سے لاکھوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ صحت کے ماہرین بھی اس کی مستقل روک تھام کیلئے ویکسین لگوانے پر زور دے رہے ہیں۔ علماء و مشائخ بھی صحت کے ماہرین کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔ مزید برآں کورونا ویکسین کے استعمال کی ترغیب علماء کرام اور مشائخ عظام کے فرائض منصبی میں سے ہے۔
اعلامیہ میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کورونا کی ویکسین کو جس قدر زیادہ لگوانے کا اہتمام کیا جائے گا اس وبا کی روک تھام موثر ہو گی اور معاشرتی و معاشی امور بالخصوص صنعتوں، کارخانوں اور مزدور کا کام بطریق احسن جاری رہے گا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا کی روک تھام کے لئے جو ویکسینز رجسٹر کی گئی ہیں ان کے اجزاء ترکیبی پر علماء و مشائخ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ویکسین لگوانے پر عوام الناس کو ترغیب دلانے کے لئے علماء و مشائخ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور مدارس سے موثر اور مثبت آواز بلند کریں گے۔ علماء کرام و مشائخ عظام نے پہلے بھی ویکسین لگوانے کی تلقین کی ہے اور علمائے کرام منبر و محراب سے آئندہ جمعہ 4 جون کو بھی ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے اور اعلانات کا یہ سلسلہ آئندہ کے خطبات میں بھی جاری رکھیں گے۔