غزہ میں جنگ بندی نہ ہونے کی وجہ سےامریکا کو بہت نقصان ہوگا، ایرانی وزیر دفاع

132
ایرانی وزیر دفاع

تہران۔6نومبر (اے پی پی):ایران نے امریکا پر مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی نہ ہونے کی صورت میں امریکا کو بہت نقصان پہنچے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا ہے کہ امریکیوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کو فوری طور پر روکیں اور جنگ بندی پر عمل درآمد کریں، بصورت دیگر انہیں بہت نقصان پہنچے گا اور امریکا کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا تھا کہ اسرائیل امریکی حکومت کی مکمل حمایت کے ساتھ غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب اور وہاں کے مکینوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی مکمل حمایت امریکی قیادت کے متکبرانہ کی عکاس ہے ۔

واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل اور حماس کے درمیان مکمل جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے اس کے بجائے اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے کی حمایت کی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے اسرائیلی مسلح افواج کو اضافی ہتھیار بھی بھیجے ہیں اور اسرائیل کی حمایت میں مغربی بحیرہ روم میں بحری فوج بھی بھیج رکھی ہے۔