پاکستانی حکومت مصیبت کی گھڑی میں فرانس کی حکومت اور عوام کی مشکور ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

264
پاکستانی حکومت مصیبت کی گھڑی میں فرانس کی حکومت اور عوام کی مشکور ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):متاثرین سیلاب کیلئے فرانس سے امدادی سامان لے کر آنے والا طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچ گیا ۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز و کو آرڈینیشن عبدالقادر پٹیل نے فرانسیسی طیارہ کے عملے، انجنئیرنگ ٹیم اور ان کے ہمراہ آنے والے فرانسیسی سفیر کا فرنچ زبان میں استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت فرانس کی حکومت اور عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود فرانس کے سفیر کا اپنے ملک جا کر امدادی سامان کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے ہیں یہ اس بات کا عکاس ہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں فرانس پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے فرانسیسی عملے کا ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا اور امدادی سامان وصول کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس سے آنے والے امدادی سامان میں سیلابی پانی نکالنے والے بڑ ے بڑے پمپ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی جانب سے ڈاکٹرز اور ٹریننگ دینے والے ماہرین بھی ساتھ ہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ دونوں ممالک میں سفارتی سطح پر دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس قدرتی آفت کے دوران فرانس کی جانب سے امداد کی فراہمی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں بہت تباہی ہوئی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں صحت کا نظام شدید متاثر ہوا ھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وزارت صحت اور اس کے ادارے صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبوں کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحتِ کے نظام کی مکمل بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ سیلاب متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔ مصیبت زدہ اور دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ لوگوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہم سب کو ملکر آگے آنا ہو گا۔