سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، وفاقی حکومت ہر طرح سے مدد کےلئے حاضر ہے۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر طرح سے آپ کی مدد کے لئے حاضر ہے، تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے سندھ حکومت اور وزیر اعلی کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا ہے۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے بھرپور تعاون پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے آپ کی فکرمندی قابل تعریف اور قابل تحسین ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے