
فیصل آباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کے چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ فیسکومیں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچرکی تنصیب جاری ہے اور اب تک فیسکوریجن کے آٹھوں اضلاع میں 11327اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کر دی گئی ہے جبکہ موجودہ پلان کے تحت کل 16ہزار66 میٹرز لگائے جائیں گے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں تمام زرعی اور انڈسٹریل بجلی کے پرانے میٹرزکی جگہ جدید اور دورحاضر کے تقاضوں کے مطابق ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچرمیٹرز کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 11ہزار 327 میٹرز نصب کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 15کلو واٹ سے 40کلو واٹ تک کے لوڈ پر مشتمل 10ہزار 326تھری فیزہول کرنٹ میٹرز،41کلو واٹ سے 500کلو واٹ تک کے لوڈ پر مشتمل697ایل ٹی سی ٹی میٹرلگادئیے جبکہ 500کلو واٹ سے زائد لوڈ پر مشتمل 304ایچ ٹی سی ٹی میٹر لگائے گئے ہیں نیز جلد ہی فیسکو کے تمام اضلاع میں انڈسٹریل ٹیرف کے حامل ایم ڈی آئی میٹرز اور ہائی لاسز فیڈرزپر نصب تمام پرانے بجلی میٹروں کواے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کر دیا جائے گا جس کے باعث بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور لائن لاسز میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب یقینی طور پر خودکار سوفیصد درست اور بروقت میٹر ریڈنگ سمیت بجلی چوری پر قابوپانے اور بجلی کی طلب و رسد کا درست تعین کرنے میں معاون اور مددگارثابت ہو گی۔ علاوہ ازیں بجلی کے استعمال پر کنٹرول، ریکوری میں اضافے اور میٹرمیں آنے والے فالٹ کی خود کار طریقے سے متعلقہ دفتر کو آگاہی ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو اے ایم آئی میٹرکے بارے میں درست معلومات فراہم کرنے کیلئے فیسکو کی جانب سے مختلف فورمز پر آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل یقینی طور پر پاکستان کے پاور سیکٹرمیں ایک انقلابی اور مثبت تبدیلی لائے گی تاہم اس منصوبے کی جلد کامیابی اورفوائد سے مستفید ہونے کیلئے فیسکو انتظامیہ کو صارفین کی طرف سے مکمل تعاون درکار ہے۔