فیصل آباد ،کاشتکاروں کو 20 نومبر تک گندم کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

88
Wheat crop
Wheat crop

فیصل آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے ربیع سیزن کے دوران گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کر تے ہوئے کاشتکاروں کو 20 نومبر تک گندم کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف ایگریکلچر آفیسر محکمہ زراعت توسیع پنجاب نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 17 لاکھ 90ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی جس سے 31 لاکھ87 ہزار ٹن گندم پیدا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 5 لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی جہاں سے 10 لاکھ 29ہزار ٹن گندم پیدا ہوگی، اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 لاکھ 22 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے پانچ لاکھ 67 ہزار ٹن گندم پیدا ہوگی ، ضلع جھنگ میں 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کی صورت میں 11 لاکھ 27 ہزار گندم حاصل ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ میں 2 لاکھ 43ہز ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے گی جس سے چار لاکھ 44 ہزار ٹن گندم حاصل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 15 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے اوراس سے 14 لاکھ 81 ہزار ٹن، سرگودھا ڈویژن میں 16 لاکھ 66 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے23 لاکھ 90 ہزار ٹن،گجرات ڈویژن میں 12 لاکھ79 ہزار رقبہ پر گندم کی کاشت سے 19 لاکھ 61 ہزار ٹن،گجرانوالہ ڈویژن میں 11 لاکھ 83 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 17 لاکھ79ہزار ٹن،

لاہور ڈویژن میں 13 لاکھ 10 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 21 لاکھ 76 ہزار ٹن،ساہیوال ڈویژن میں آٹھ لاکھ پانچ ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 14 لاکھ 95 ہزار ٹن، ملتان ڈویژن میں 16 لاکھ 87 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 30 لاکھ 85 ہزار ٹن، ڈی جی خان میں 22 لاکھ 51 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 35 لاکھ 67 ہزار ٹن جبکہ بہاولپور ڈویژن میں 24 لاکھ 69ہز ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے 44 لاکھ 99 ہزار ٹن گندم حاصل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی کاشت کے حوالے سے پانی کی کوئی کمی نہیں ہے جبکہ کھادوں اور معیاری بیجوں کا وسیع سٹاک بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کے حوالے سے کسی کو ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔