فیصل آباد،کپاس کے کاشتکار وں کوسفید مکھی سے بچائو کے لئے ہالوکون نوزل سے سپرے کرنے کی ہدایت

181
Cotton

فیصل آباد۔ 06 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کوسفید مکھی کے خلاف مؤثر کنٹرول کے لئے ہالوکون نوزل سے سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اورسفید مکھی کے حملہ کی صورت میں معاشی نقصان کی حد پانچ بالغ یا بچے فی پتہ یا دونوں ملا کر پانچ فی پتہ ہوں تو محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے سفارش کردہ زہر کا سپرے کریں۔

انہوں نےکہا کہ سفید مکھی کپاس کی فصل کا رس چوسنے والا انتہائی خطر ناک کیڑا ہے جو پتہ مروڑ وائرس کو پھیلانے کا ذریعہ بنتا ہے لہٰذا کاشتکار سفید مکھی کے تدارک کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں نیز کھالوں پر موجود جڑ ی بوٹیوں کی تلفی کے لئے زہر پاشی کریں کیونکہ کھالوں کے نزدیک سفید مکھی کا حملہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے وہاں وقفے وقفے سے سپرے کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کپاس کے ایسے پتے جن پر سفید مکھی کا حملہ شدید ہو تو انہیں توڑ کر پانی میں ڈبودیں نیز بالغ اور بچے ہمہ وقت فصل پر موجودہوں تو سپرے کے لیے ایسی زہر کا انتخاب کریں جو ان دونوں کے خلاف مؤثر ہو۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہی زہر کا باربار سپرے نہ کیاجائے۔