فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز (آج) ہو گا، 24 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی

95

نئی دہلی ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی) 17 واں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز (آج) جمعہ سے بھارت میں ہو گا جس میں دنیائے فٹ بال کی 24 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، نائیجیریا کی ٹیم نے ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا تاہم وہ اس بار میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، نائیجیریا نے 2015ءمیں منعقدہ ورلڈ کپ کے فائنل میں مالی کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو چھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، امریکہ، کولمبیا اور گھانا، گروپ بی میں پیراگوئے، مالی، نیوزی لینڈ اور ترکی، گروپ سی میں ایران، جرمنی، کوسٹا ریکا اور گوئنی، گروپ ڈی میں شمالی کوریا، برازیل، سپین اور نائیگر، گروپ ای میں ہونڈراس، جاپان، فرانس اور نیوکالڈونیا جبکہ گروپ ایف میں عراق، میکسیکو، چلی اور انگلینڈ شامل ہیں۔ ابتدائی روز گروپ اے اور بی میں دو، دو میچز کھیلے جائیں گے