قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

119
APP47-07 LAHORE: January 07 - Acting Speaker National Assembly Qasim Khan Suri talking to media at Mazar-e-Iqbal. APP

لاہور۔7 جنوری(اے پی پی )قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کرپشن مافیا کی بدولت ملک 30 ارب کا مقروض ہوا،کرپشن اور میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔کرپٹ افراد کو نہیں چھوڑیں گے ،ایسی قانون سازی کرینگے جس میں امیر و غریب کا فرق نہ ہو اور وہ سب کےلئے یکساں ہو، وہ سوموار کو یہاں اپنے دورہ لاہور کے دوران مزار اقبال پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں کہا کہ خواہ کوئی بھی ہوقانون ہر ایک کےلئے برابر ہے اسکے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا جبکہ عمران خان اور انکی ٹیم ملک کے دفاع اور ترقی کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ عمران خان کی صورت میںاس ملک کو ایسے لیڈر کی ضرورت تھی جو کرپشن سے پاک ہو اور جس کے اندر جذبہ ایمانی ہو ، قائم مقام سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم کی سوچ پر علامہ اقبال کے اشعار کا گہرا اثر ہے، وہ شاعر مشرق کے تصور پاکستان کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں اس لئے عمران خان ملک کو اسلامی اورفلاحی ریاست بنانے کے خواہا ں ہیں، انہوں نے کہا کہ آج بھائی چارے اور اسلامی شعائر کی ضرورت ہے۔ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب ہمیں دکھایا ، انکی سوچ اور فکر پر قائد اعظم نے ملک بنایا،آج انکے افکار پر چلنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مزار اقبال پراس عزم کا اظہار کرتا ہوں کہ جو بھی قانون سازی کریں گے عوام کے فائدے میں کریں گے۔ مل جل کر علامہ اقبال کی سوچ اور فکر کو آگے لیکر چلیں گے، ہم سب کوعلامہ اقبال کی اسی فکر پر واپس آنا ہو گا۔ آصف علی زرداری پر مقدمات قائم کرنے اور اپنے حلیفوں کو کلین چٹ دینے کے حوالے سے ایک سوال پر قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بہت سے ایسے کیسز جو کہ سابق دور حکومت میں بنائے گئے انہی کے فیصلے آرہے ہیں۔ہماری قوم باشعور ہو چکی ہے،عدالتیں آزاد ہیں ان پر کوئی حکومتی دبا¶ موجود نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر فیصلے کئے، احتساب کا عمل انہوں نے اپنی ذات سے شروع کیا، بنی گالہ گھر کے مسئلے پر انہوں نے عدالتی فیصلہ قبول کیا اور وہ عدالت میں پیش ہونے کےلئے بھی تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہو یا شوکت خانم ہسپتال کا منصوبہ عمران خان نے روز اول سے ہی میرٹ اور شفافیت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا،عمران خان نے خیبر پی کے اسمبلی میں ووٹ فروخت کرنے پر بیس ارکان کو پارٹی سے نکالا ، یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی پارٹی سربراہ نے اپنی جماعت سے احتساب شروع کیا ہو۔ بلوچستان میں سیاسی تبدیلی کے حوالے سے ایک سوال پر قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں میں سیاسی بیداری آچکی ہے۔ میڈیا دنیا بھر میں پھیل چکا ہے ،اب لوگ اچھے اور برے کی تمیز سیکھ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرے جیسے عام گھرانوں کے نوجوان سیاست کے میدان میں اُتر آئے ہیں ۔ بلاول بھٹو بھی نوجوان ہیں ، اچھی بات ہے کہ نوجوان آگے آئیں ۔قبل ازیں قاسم خان سوری نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور دعا کی اور یاد داشت کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔