عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے ،قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی کا عید الاضحی کے موقع پر پیغام

236
چین کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات فخر کا باعث ہیں، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی بعد ازاں وہ عام لوگوں میں گھل مل گئے اور انھیں عید مبارک کہا۔ قائم مقام صدر نے عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔

قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔اپنے پیغام میں قائم مقام صدرنے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

صدر نے کہا یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا،ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یک جان ہونا چاہیے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔

عیدالاضحٰی کے موقع پر ہمیں وطن کے ان معماروں،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین