قاہرہ۔28اکتوبر (اے پی پی):مصر میں پاکستانی سفارت خانہ نے قاہرہ میں ’’کشمیر یوم سیاہ‘‘ کے موقع پر ’’کشمیر زیر محاصرہ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے آغاز میں صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب کے دوران جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے تاریخی تناظر پر ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
اس موقع پر مہمان مقررین نے مصری دانشوروں، میڈیا، اکیڈمی اور تھنک ٹینک کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی تقاریر میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کسی بھی ملک کو یکطرفہ طور پر اپنی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کا حق نہیں ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قدیم ترین ایجنڈوں میں سے ایک ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کے فاشسٹ، کشمیر دشمن اور مسلم دشمن اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کرے۔ مقررین نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے بھارت اور اسرائیلی وحشیانہ ظلم کے خلاف بے گناہ کشمیریوں، غزہ کے شہریوں اور لبنان کے شہریوں کے عزم کو سلام پیش کیا۔
ناظم الامور ڈاکٹر رضا شاہد نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کو ان کی بہادرانہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر اقدام کرنا چاہیے اور بھارت پر 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اس کی آبادیاتی نسل پرستی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے۔
تقریب میں دانشوروں، صحافیوں، طلبا اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔