قبرص۔27فروری (اے پی پی):بحرہ روم کے ممالک قبرص، سپین، یونان، اٹلی، مراکش اور تیونس کے کئی حصوں میں لوگوں کو خطرناک خشک سالی کے باعث پانی کی قلت کا سامنا ہے، جنوب مغربی قبرص میں سینکڑوں افراد اور کسانو ں کو حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال موسم سرما میں آبپاشی کے لئے مختص پانی کا حجم 2024 کے مقابلے نصف ہو جائے گا۔ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق علاقے کے کسانوں کا کہنا ہے کہ اس صورت حال میں ان کی آمدنی میں بھی نمایاں کمی کا اندیشہ ہے کیونکہ آمدنی کا 60 فیصد موسمی فصلوں سے حاصل ہو تا ہے۔
سائپرس انسٹی ٹیوٹ میں ریسرچ سینٹر برائے توانائی، ماحولیات اور پانی کی اسسٹنٹ پروفیسر ایڈریانا برگیمان نے کہا کہ علاقے میں گزشتہ سال بھی معمول سے کم بارشیں ہو ئی تھیں لیکن اس سال بارشیں پچھلے سال سے بھی کم ہیں جس سے صورتحال خراب ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات قبرص کے مطابق جنوری 2025 میں ماہانہ بارش تقریباً تین دہائیوں کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ آبپاشی کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر گیورگوس کازانتزیز نے کہا کہ ماضی میں علاقے کو ہر 20 سال بعد خشک سالی کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب یہاں ہر دو سال بعد خشک سالی کا سامنا ہوتاہے، یہ رجحان ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں آبی وسائل محدود ہیں اور دستیاب آبی وسائل کا زیادہ استعمال اور موسمی حالات پرمنحصر پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 1980 کے بعد قبرص میں پینے اور آبپاشی دونوں کے لئے پانی رکھنے کی غرض سے 108 ڈیموں اور ذخائر کا نیٹ ورک تیار کیا گیا لیکن مسلسل دو سالوں سے ناکافی بارش کے نتیجے میں ان آبی ذخائر میں پانی کی سطح بہت گر چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سال ان آبی ذخائر میں صرف 26 فیصد یعنی 75 ملین کیوبک میٹر پانی رہ گیا ہے۔نیدرلینڈز کے آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹی ٹیوٹ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سیلاب اور خشک سالی کے ماہر میکا وارنرنے کہا سردیوں کے مہینے آبی ذخائر میں پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زیر زمین پانی کی سطح کوبڑھانے کے لئے ضروری ہے۔
سردیوں میں خاطر خواہ بارش کے بغیر شدید گرمی کے موسم میں لوگوں کے لئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ قبرص میں 2023 میں تقریباً 6 ملین سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ۔ پانی کی قلت کے باعث سیاحوں کو پانی کے باکفایت استعمال کی ہدایت کی گئی اور اس سال بھی ایسی ہی صورتحال کا امکان ہے۔
ای یو کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس( سی تھری ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ موسم سرما کے دوران قبرص کے ساتھ ساتھ جنوبی سپین، یونان، جنوبی اٹلی، مراکش اور تیونس میں والینسیا کے آس پاس کے علاقے بھی خطرناک خشک سالی کا سامنا کر رہے ہیں۔ قبرص میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لئے موبائل ڈی سیلی نیشن پلانٹس کےذریعے سمندر کے پانی کو قابل استعمال بنا کر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566993