قراقرم یونیورسٹی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر سکردو کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

133

گلگت۔14اکتوبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر سکردو مل کر الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ شعبہ تعلقا ت عامہ کے آئی یو کے مطابق اس ضمن میں جامعہ قراقر م ااورہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر سکردو کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ مفاہمت کی یادااشت پر کے آئی یو کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعطاء اللہ شاہ اور ایچ آر ڈی سی کی طرف سے ڈائریکٹر ایچ آر ڈی سی ڈاکٹر شبیر حسین نے دستخط کئے۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو نے تعلیم کی اہمیت اور نوجوانوں بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پیشہ ورانہ تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

جامعہ قراقرم اور ایچ آر ڈی کے مابین ہونے والے اس ایم او یو کے تحت کے آئی یو اور نرسنگ کونسل کے تعاون سے بی ایس نرسنگ پروگرام شروع کیا جائے گا۔کے آئی یو نے پہلے ہی گلگت میں صحت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر بی ایس نرسنگ کا آغاز کیا ہےجبکہ ایم اویو کے تحت ایچ آر ڈی سی کے آئی یو کو ایل ایچ وی ، میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی، فزیوتھراپی، اوٹی ٹیکنیشن، آپتھلمولوجی وغیرہ میں 2 سالہ پروگرام شروع کرنے میں مدد کرے گا۔قبل ازیں وائس چانسلر کے آئی یو نے ڈائریکٹرکیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق کے ہمراہ جامعہ کے ساتھ الحاق شدہ گورنمنٹ ڈگری کالج سکردو، گرلز ڈگری کالج، فاطمہ جناح ڈگری کالج کا دورہ کیا۔دورے میں انہوں نے فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کی اور ان سے معیاری تعلیم کی فراہمی سے متعلق بات چیت کی۔