قصور۔ 21 دسمبر (اے پی پی):صوبائی محتسب پنجاب کی جانب سے ضلع میں آگاہی مہم کا آغازہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے، تقسیم کردہ پمفلٹس کے مطابق قصور سمیت پنجاب بھر کے تمام صوبائی محکموں کے ملازمین کی سرکاری خدمات کی فراہمی میں بدانتظامی، بے جا تاخیر ولاپرواہی، بدعنوانی یا کرپشن پر بروقت کاروائی وازالہ کیا جائے گا۔
شکایت کے ازالے کا دورانہ بلامعاوضہ 90دن کی بجائے اب 30یا 45دن ہوگا۔ شکایت کنندہ کو ہر مرحلہ پر بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل کاروائی کی اطلاع کی جائے گی۔ شکایت کنندہ کو مشترکہ سماعت کے علاوہ دفتر آنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ صوبائی محتسب اعلیٰ میں درخواست دہندہ سادہ کاغذ پر بذریعہ ڈاک اپنے نام، پتہ فون نمبر، شناختی کارڈ کی کاپی اور بیان حلفی کے ہمراہ ڈی سی آفس نزد ضلع کچہری قصور کے پتہ پر ارسال کرسکتاہے۔
پاکستانی شہری اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے صوبائی محتسب پنجاب کی موبائل ایپلی کیشن گوگل پلے سٹور اور ایپل پلے سٹور سے OMISیا Ombudsman Punjab کے نام سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ بذریعہ ویب سائٹ www.ombudsmanpunjab.gov.pkپر آن لائن درخواست دینے کے لیے علاوہ شکایت کی پیش رفت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔