قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے،وزیراعظم کا نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں تقریب سے خطاب

394
وزیراعظم محمد شہبازشریف
وزیراعظم محمد شہبازشریف

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے،تعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقہ کاحق نہیں بلکہ سب کا حق ہے،75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ہے تاہم مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے، فنی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہے، فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے سے تجارتی خسارہ میں کمی آئے گی، تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف

وہ جمعہ کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ا س موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل معظم ایاز کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔

ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ تعلیم از خود اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کا ایک ہنر ہے جو اللہ نے ہمیں عطا کیا ہے لیکن قوموں کو ترقی کی دوڑ میں تیزی سے آگے لے کر جانے کے لئے فنی تعلیم تیزرفتاری سے کامیابی کی ضمانت ہے۔ یونیورسٹی میں آ کر متاثر ہواہوں۔ انتظامیہ اس کو برق رفتاری سے آگے لے کر جائے گی اور ہزاروں بچوں کو ہنر مندی کی تعلیم دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اپنے خاندان کے لئے باوقار روزگار کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس یونیورسٹی کا منصوبہ بنایا ، اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں ۔ یہ پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا ادارہ بنا ہے ۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف

بچوں کی تعلیم کے لئے ان کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو ہم نے دور کرنا ہے۔ ہم نے پنجاب میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ۔اس کے لئے 2 ارب روپے سالانہ فنڈ بجٹ سے مختص کئے۔10 سال میں 4 لاکھ 50ہزار طالب علم میرٹ پر ملک بھر سے وظائف کے حق دار ٹھہرے۔ آج وہ بچے دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں ۔ اسی طرح ہم نے دانش سکول بنائے تاکہ غریبوں کو ایچی سن اور دیگر اداروں کے مساوی تعلیم دی جا سکے۔ تعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقے کاحق نہیں بلکہ سب کا حق ہے ، یہی قیام پاکستان کا مقصد اور قائد و اقبال کا خواب تھا۔ ان شعبوں میں امیر اور غریب کے درمیان تفاوت نہیں ہونی چاہیے۔ 75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ہے تاہم مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے۔ ہنرمندی کی تعلیم ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انڈونیشیا ہنر مندی کی وجہ سے ہم سے بہت آگے ہے۔ پاکستانی اگر 30 ارب ڈالر سالانہ بھجواتے ہیں تو انڈونیشیا ہنر مندی کی وجہ سے ہم سے دوگنا زرمبادلہ کماتا ہے۔

اگر ہم ہنرمند لوگوں کو خلیجی سمیت دیگر ممالک میں بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ مثبت ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لئے یونیورسٹی کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔ انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کے حصول سے یہاں سے فارغ ہونے والے طالب علموں کو دنیا میں پذیرائی ملے گی۔ اس کے لئے بیرونی ممالک سے خدمات حاصل کریں اور یہ سرٹیفکیشن حاصل کریں ۔ وزیراعظم نے سدرہ گل اور ممتاز حسین کا حوالہ دیتے ہوئے یونیورسٹی کی انتظامیہ ، اساتذہ کو سلام پیش کیا اور کہا کہ اس تقریب میں ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ گو کہ یہاں پر ان طالب علموں کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے لئے سپاہی موجود نہیں تو وہ خود ان کی محنت پر انہیں سلام پیش کرتےہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کے علاوہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے کوئی اور طبقہ موثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بات کی پکی ، محنت کرنی والی کوئی قوم جاپان اور جرمنی سے بڑھ کر نہیں دیکھی۔ان میں تعظیم اور نظم و ضبط ہے۔ قومیں اسی طرح بنتی ہیں۔ وہ وقت نہیں ضائع کرتے ، احتجاج کے دوران بھی ان کی مشینیں چلتی رہتی ہیں۔ تقریب سے وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ نوجوان ہمارامستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ وزیر اعظم نےنوجوان کے لئے بہت اقدامات اٹھائے ہیں۔ نوجوانون کو ہنر مند بنائے بغیر ترقی کا سفر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم میں روزگار کے زیادہ مواقع ہیں۔ 4 لاکھ بچے ہنر سیکھ کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کررہےہیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف

نمل کے ساتھ مختلف زبانوں کے کورس کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ نے کہاکہ وزیراعظم کے وژن کامرکزی نکتہ ہر شعبہ میں نوجوانوں کو آگے لانا ہے کیونکہ کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سےکم عمر کی ہے جو پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کو ہنر مندی کی تعلیم دیناانتہائی اہم ہے۔ چینی شراکت داری سے وفاق اور صوبوں کی سطح پر نوجوانوں کے لئے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ اس سال ایک لاکھ بچوں کو سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر لکی مروت سے تعلق رکھنے والی طالبہ سدرہ گل نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے بعد یو آئی یوایس ڈیزائننگ میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی تھی ۔

سوشل میڈیا کے ذریعے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اس کورس کا علم ہوا جس میں نے درخواست دی اور داخلہ مل گیا۔ اس کورس کے دوران ہی جاب میلہ میں نیشنل سائنس اینڈٹیکنالوجی پارک میں انٹرن شپ کی پیشکش ہوئی جس کے بعد یو ای ڈی پی میں ملازمت مل گئی۔اس پروگرام کے تحت کمپیوٹر گرافی کا کورس مکمل کرنے والے ممتاز حسین نے بھی شرکا کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن پر دستاویزی پروگرام بھی دکھایا گیا۔