قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مسعود جان افغانستان کےبلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے آئندہ ماہ افغانستان جائیں گے

212
coach Masood Jan
coach Masood Jan

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مسعود جان افغانستان کےبلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے آئندہ ماہ اگست میں افغانستان جائیں گے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدرسید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سے درخواست کی ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کوتربیت میں مدد فراہم کی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں ممبر شپ بھی دلائی جائے تاکہ افغانستان کے کھلاڑی عالمی سطح کے مقابلوں میں بھی حصہ لے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کونسل نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اس سلسلے میں آئندہ ماہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مسعود جان افغانستان کا دورہ کریں گے جہاں پروہ 35 افغان بلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔ اس سے پہلے بھی پاکستانی کوچز نے آسٹریلیا، نیپال اور بنگلہ دیش کے بلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت دی ہے ۔

سید سلطان شاہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو اجلاس میں افغانستان کو ممبر شپ دلانے کےلئے اقدامات اٹھائیں گے تاکہ انہیں ممبر شپ فراہم کی جاسکے تاکہ وہ رواں سال پاکستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت کرسکیں۔