قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے عمل کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی،سیاحت کے فروغ سے ملک اور قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے، رانا مشہود احمد خان

163
Rana Mashhood Ahmed
Rana Mashhood Ahmed

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار اس بات کی عکاسی ہے کہ اب قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے عمل کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی، وزیر اعظم شریف نے ملک کو معاشی، اقتصادی اور مالیاتی بحران سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے جس پر عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کے معترف ہوگئے ہیں ،سیاحت کے فروغ سے ملک اور قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹورازم پروفائل 2024 کی رپورٹ کے اجرا ء کی پروقار تقریب سے خطاب کے دوران ک۔یا یہ تقریب رفاہ انسٹی ٹیوٹ آف ہاسپٹیلٹی اینڈ کلنری آرٹس اور ٹورازم انسائٹس کے اشتراک سے منقعد کی گئی۔ پاکستان ٹورازم پروفائل 2024 ایک جامع ٹورازم انڈسٹری رپورٹ ہے جو پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں فیصلہ سازی اور اسٹریٹجک ترقی کی رہنمائی کے لیے تازہ ترین ڈیٹا، بصیرت اور رجحانات پیش کرتی ہے۔ آر آئی ایچ سی اے کے ڈائریکٹر میاں اطہر جمیل نے خطبہ استقبالیہ اور رپورٹ پیش کرتے ہوئے تقریب کا آغاز کیا۔ ورلڈ بینک کی سینئر پرائیویٹ سیکٹر اسپیشلسٹ کرن افضل نے پاکستان کی سیاحت کے ابھرتے ہوئے منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا، اس کے بعد پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے سیاحت کے کردار پر روشنی ڈالی ۔

مہمان خصوصی کے طور پر تقریب سے خطاب میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سیاحت قوموں کو جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ سیاحت دنیا بھر میں متنوع ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دیتی ہے، سیاحت دنیا بھر ​میں امن، ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں مدد کرتی ہے۔ رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اسے شاندار مناظر، پہاڑوں اور ​چوٹیوں، وسیع صحراؤں اور خوبصورت ساحلی پٹی سے نوازا گیا ہے ،خطے کا یہ حصہ ایک بھرپور تاریخی ورثہ رکھتا ہے اور وادی سندھ اور گندھارا کی تہذیبوں کاگہوارہ ​بھی رہا ہے، جو پاکستان کو روحانی جستجو اور ثقافتی دریافت کے لیے ایک پرکشش مقام بناتا ہے۔

​پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ ( پی پی اے ایف کے سربراہ نادر گل بریچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی حقیقی سیاحتی استعداد کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور میں میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ ​وہ اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرے ۔انکا کہنا تھا کہ سیاحت آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہمیں سڑکوں اور ​سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے۔

سیاحوں کے لیے ضروری سہولیات میں اضافہ ان کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ وہ ہمارے ​قدرتی مناظر اور مذہبی مقامات سے محظوظ ہو سکیں۔نادر گل بریچ نے کہا کہ قابل رسائی ماحول بنا کر ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ​ہیں جو ہماری معیشت کیلئے سود مند ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم سیاحت 2024 کے موقع پر پاکستان کو سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے عزم کا ​اعادہ کرتے ہیں ۔دنیا بھر کے سیاح نہ صرف ہمارے خوبصورت مناظر، تاریخی اور مذہبی ​مقامات بلکہ ہمارے لوگوں کی پرتپاک مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔ ​انکا کہنا تھا کہ ہم سیاحت کے ذریعے باہمی ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں اور دنیا کو پُرامن بنانے میں اپنا حصہ ڈال ​سکتے ہیں۔