لارڈز ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 121 رنز پر ڈھیر ، انگلینڈ نے 3 کھلاڑی آئوٹ پر 189 رنز بنا لئے

159
Lord's Test
Lord's Test

لارڈز۔10جولائی (اے پی پی):انگلینڈ اور اویسٹ انڈیز کے درمیان لارڈز ٹیسٹ کے ابتدائی روز ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، گاس ایٹکنسن نے شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں، انگلینڈ نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا کر 68 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ ابھی اس کی اننگز جاری ہے، اوپنر زاک کرولی نے 76 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

بدھ کے روز لارڈز کے تاریخی گرائونڈ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 121 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، مہمان ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا جب اس کی ابتدائی تین وکٹیں 44 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، کپتان کریگ بریتھویٹ 6 ، کرک میکینزے ایک اور میکائل لوئس 27 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر ایلک اتھانازے اور کیوم ہوج نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم اتھانازے 23 اور ہوج 24 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے ۔

ان کے بعد نئے آنے والے بیٹرز بھی یکے بعد دیگرے اپنی وکٹیں گنواتے رہے اور پوری ٹیم 41.4 اوورز میں ہی 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ بائولرگاس ایٹکنسن نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 45 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرکے تاریخ رقم کردی جبکہ اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے تجربہ کار فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کرس ووکس اور بین سٹوکس بھی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

ویسٹ انڈیز کے 121 رنز کے جواب میں انگلینڈ ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنزبنا کر 68 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ اوپنر زاک کرولی 76 اور اولی پوپ 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے، بین ڈکٹ 3 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے جبکہ جو روٹ 15 اور ہیری بروک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ ویسٹ انڈین بائولر جیڈن سیلز نے دو اور جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔