لاس اینجلس۔13جنوری (اے پی پی):امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ 80 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں کے باعث مزید علاقوں میں پھیل گئی ہے اورہوائوں کی رفتار 112 کلو میٹر تک پہنچنے کی پیش گوئی کے ساتھ آگ کے مزید علاقوں تک پھلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اے ایف پی نے امریکا کی نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات روز شوئن فیلڈ کے حوالہ سے بتایا کہ انتہائی تیز ہوائوں کی وجہ سے حالات ڈرامائی طور پر خراب ہونے والے ہیں ۔مقامی حکام کے مطابق لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لئے فائر فائٹر، گاڑیاں اور دیگر آلات شہر میں پہنچ رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنگلات کی آگ سے اموات کی تعداد 24ہو گئی ہے اور دوبڑے علاقوں میں لگی آگ پر قابو پانے میں بے حد مشکلات کا سامنا ہے۔