اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس وِنگ کے مطابق صدرِ مملکت نے شہید کی بے مثال بہادری، جرات اور قربانی کو سلام کیا اور کہا کہ لالک جان شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لئے جرات و عزم کی روشن مثال ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرات اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ صدرِنے کہا کہ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے۔ صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ لالک جان شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی اور ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔