لاہور۔19جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے”آئیں ایمبولینس کو راستہ دیں کیونکہ پہلا حق زندگی کا” آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ترجمان پولیس کے مطابق مہم کا مقصد شہریوں میں ایمبولینس میں موجود زندگی اور موت کی جنگ لڑنے والے کی زندگی بچانے کے لیے گاڑی کو راستہ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ایمبولینس اور دیگر ایمرجینسی گاڑیوں کا سائرن سنتے ہی فوری راستہ دیں، اسی طرح وارڈنز کو ایمبولینسوں اور دیگر ایمرجینسی گاڑیوں کیلئے راستہ کلئیر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کو سگنل ٹو سگنل فری موومنٹ گزارا جائے۔ سی ٹی او نے ایمبولینس ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سائرن اور ہوٹر نہ بجایا جائے۔ انہوں نے افسران کو لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں کے باہر رانگ پارکنگ اورریڑھی، غیر ضروری رکشہ اسٹینڈ انتظامات کا گاہ بگاہ جائزہ لینے کا حکم بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور رانگ پارکنگ کے خلاف کارروائی سے ہسپتالوں کے باہر ٹریفک میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا پوری انسانیت کی جان بچائی۔