لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے رواں سال اب تک منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 8439 ملزمان گرفتار، 8244مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے4066کلو چرس،797کلو آئس اور445 کلو ہیروئین برآمد ہوئی ۔
ملزمان سے 272کلو افیون اور48854لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیا نہ نے کہا کہ شہر میں منشیات فروشوں کی کوئی گنجائش نہیں۔منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔
پولیس افسران متعلقہ اداروں کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کویقینی بنائیں۔ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس افسران منشیات کی آن لائن خریدو فروخت کے ذرائع پر بھی نظر رکھیں۔
منظم جرائم کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ لاہور پولیس شہر کومنشیات سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔