لاہور کی ماتحت عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال

94
Lahore Bar Association

لاہور۔17فروری (اے پی پی):لاہور بار ایسوسی ایشن نے ایوان عدل سے سول عدالتوں کی ماڈل ٹائون کچہری منتقلی کے نوٹیفکیشن کے خلاف ہفتہ کے روزماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث ہزاروں کیسز کی سماعت نہ ہوسکی اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی گئی۔

وکلا ہڑتال سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین کامران بشیر مغل ، چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی عمران اکرم بودلہ ، صدر لاہور بار منیر حسین بھٹی ، ممبران بار کونسل احمد یار چاولی ، فرحان شہزاد ،، محمد احمد قیوم ، چودھری بابر وحید ، رشدہ لودھی ، عرفان حیات باجوہ ، سمیت دیگر ممبران نے اعلان کیا ہے کہ لاہور کے وسط میں قائم سول عدالتوں کی ماڈل ٹائون کچہری منتقلی کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا گیا تو صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دیں گے ۔