لاہور ہائیکورٹ کا بجلی کا میٹر اتارنے کیخلاف درخواست پر لیسکو اور نیپرا کے ذمہ دار افسروں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم

182

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے تین نابینا بھائیوں کے گھر کا بجلی کا میٹر اتارنے کیخلاف درخواست پر لیسکو اور نیپرا کے ذمہ دار افسروں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سعید احمد سمیت تین نابینا بھائیوں کی درخواست پر سماعت کی،عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزاروں نے شفیق آباد کے علاقے میں گھر خریدا،جنوری میں گھر پر نیا بجلی میٹر لگوایا،

لیسکو حکام نے فروری میں گھر کا میٹر اتار لیا،لیسکو نے تین لاکھ روپے سے زائد کے نادہندہ ہونے کے الزام پر بجلی میٹر اتارا،پہلا مالک مکان بجلی بل نہ دینے پر ڈیفالٹر ہے،لیسکو نے سابق مالک مکان کو پکڑنے کی بجائے میٹر اتار لیا،عدالت لیسکو کو بجلی میٹر لگانے کا حکم دے،عدالت نے لیسکو اور نیپرا کے ذمہ دار افسروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ سمیت 5 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔