لاہور،نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے بارے تبادلہ خیال کیا

88
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

لاہور۔25اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلی ٰپنجاب محسن نقوی سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جمعے کے روزملاقات ہوئی ،

وزیر اعلی ٰ نے پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر برطانوی ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق باہمی دلچسپی کے امور،برطانیہ اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، صحت،ثقافت،افسروں کی ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سانحہ جڑانوالہ اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حکمت عملی بارے بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقعے پر وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ جڑانوالہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا،پنجاب حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان سمیت دیگر شر پسندوں کو گرفتار کیا،5چرچ بحال کر دیے گئے ہیں جبکہ دیگر گر پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چرچ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا اور متاثرین کے لئے 20لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری دی گئی جبکہ60سے زائد متاثرین کو مالی امداد دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلم سکالرز نے مسیحی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا،ہم ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کررہے ہیں،

زراعت کی ترقی خصوصاسیڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے برطانوی معاونت کا خیرمقدم کریں گے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ پرپنجاب حکومت کے بروقت اور مثبت کردار کو سراہتے ہیں،پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیراطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، برطانوی پولیٹیکل قونصلرژوئے ویئر، پنجاب میں برطانیہ کی نمائندہ کلارا سٹرنڈھوج اور پولیٹیکل ایڈوائزر طلال رضابھی اس موقعے پر موجود تھے